مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں سیندک پروجیکٹ کی بس کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 3چینی انجینئرز سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو دالبندین اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
لیویز حکام کے مطابق سیندک منصوبے کے چینی انجینئرز جو موسم گرما کی چھٹیاں گزارنے کراچی جا رہے تھے۔
ان ملازمین کو دالبندین ایئرپورٹ چھوڑنے کیلئے بس سیندک سے دالبندین ایئرپورٹ آرہی تھی کہ ایئرپورٹ سے 15کلو میٹر دور کوئٹہ تفتان آر سی ڈی شاہراہ پر بارود سے بھری کار میں بیٹھے خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
دھماکہ اس قدر روز دار تھا کہ اس کی آواز دالبندین شہر میں سنائی دی، تاہم دھماکہ بس سے کچھ فاصلے پر ہوا جس کے نتیجے میں 3 چینی ملازم، دو ایف سی اہلکار اور بس کا ڈرائیور زخمی ہوا،جنہیں طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
کمشنر کوئٹہ ہاشم غلزئی کا کہنا ہے کہ دھماکہ خودکش تھا تاہم بس سے فاصلہ ہونے سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا،زخمی افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
آپ کا تبصرہ